یمن: فریقین میں زبردست لڑائی، درجنوں ہلاک

   

صنعا۔ حوثی باغیوں کو امید ہے کہ وہ ملک کے شمال میں حکومتی کنٹرول والے آخری علاقے پر بھی قبضہ کر لیں گے۔ حالیہ دنوں میں یمن کے متحارب گروہوں میں لڑائی مزید شدید ہو گئی ہے اور کم از کم 65 جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں۔اطلاعات کے مطابق یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان دو ستمبر جمعرات کے روز ہونے والی تازہ جھڑپوں میں درجنوں جنگجو ہلاک ہو گئے۔ تازہ معرکہ آرائی تیل سے مالا مال شہر معارب میں ہوا۔یمن میں فوجی اور طبی ذرائع نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کم سے کم 65 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ یمن میں 2014 سے ہی خانہ جنگی جاری ہے۔اس خانہ جنگی کو ایران اور سعودی عرب کے درمیان رسہ کشی اور ان کی درپردہ جنگ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اس میں اب تک دسیوں ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔