یمن میں حوثیوں کا بڑا حملہ پسپا 30 جنگجو ہلاک‘ 8 گرفتار

   

صنعا : یمن کے صوبے مآرب میں شدید لڑائی جاری ہے۔ اس دوران میں یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں نے صوبے کے مغربی حصے میں الکسارہ کے محاذ پر حوثی ملیشیا کا ایک بڑا حملہ ناکام بنا دیا۔ 8 گھنٹوں تک جاری رہنے والی جھڑپوں میں ایران نواز حوثی ملیشیا کے 30 ارکان ہلاک ہو گئے اور 7 قیدی بنا لیے گئے۔ یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کار قبائلی افراد کے ساتھ مل کر کئی ہفتوں سے مآرب کے مختلف محاذوں پر شدید معرکوں میں مصروف ہیں۔ ان معرکوں میں حوثیوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔ حوثی ملیشیا نے جمعرات کے روز الحمہ پناہ گزین کیمپ کو بیلسٹک میزائلوں کے ذریعہ نشانہ بنایا تھا۔ دوسری جانب اتحاد نے اعلان کیا کہ اس نے مآرب اور الجوف صوبوں میں حوثی ملیشیا کے خلاف 24 گھنٹوں کے اندر 31 اہدافی کارروائیاں کی ہیں۔ اتحاد نے کہا کہ ہدف بنا کرنشانہ بنائے گئے اہداف میں 18گاڑیاں تباہ ہوئیں اور حوثی ملیشیا کے 180 دہشت گرد عناصر کی ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔