یمن میں شہدا کی تعداد 80 ہوگئی، سڑکوں پر عوام کا احتجاج

   

صنعا : یمن پر امریکی حملہ کے نتیجے میں شہدا کی تعداد 80تک پہنچ گئی ،صنعا میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج یمن کے دارالحکومت صنعا اور دیگر علاقوں پر امریکی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی طیاروں نے ایک بار پھر صنعا گورنری کے ضلع بنی حشیش کو نشانہ بنایا، جبکہ گزشتہ روز راس عیسیٰ بندرگاہ پر ہونے والے شدید حملہ میں شہدا کی تعداد 80 تک پہنچ گئی۔حوثی قائدئوں نے کہا کہ بندرگاہ پر حملہ کے بعد زبردست آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں آئل ٹرمینل مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ حملہ میں کم از کم 170 افراد زخمی ہوئے ہیں۔امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کا مقصد حوثیوں کے مالی وسائل اور ایندھن کے ذرائع کو ختم کرنا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر بحیرہ احمر میں حوثیوں کے حملہ بند نہ ہوئے تو امریکہ مزید کارروائیاں کرے گا۔ دوسری جانب امریکی حملوں کے خلاف دارالحکومت صنعا میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یمن پر امریکی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری سے اس پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکہ کی جانب سے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جو خطہ میں کشیدگی کو مزید ہوا دے رہا ہے۔