ریاض ۔6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے جمعرات کے روز یمنی علحدگی پسندوں کے خلاف زبردست انتباہ جاری کیا جنہوں نے جنوب کے اہم علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ انتباہ دیتے ہوئے سعودی عرب نے کہا کہ یمن کو غیرمستحکم کرنے کی کوئی بھی کوشش مملکت کیلئے بھی خطرہ ثابت ہوگی۔ سعودی عرب نے پہلی بار اپنے سخت پیغام میں علحدگی پسندوں سے مطالبہ کیا ہیکہ انہوں نے جن فوجی اور شہری تنصیبات پر قبضہ کیا ہے وہ فوری طور پر سعودی کی حمایت والی حکومت کو واپس کردیں۔ سعودی کی سرکاری پریس ایجنسی نے بتایا کہ سعودی حکومت نے واضح کردیا ہیکہ یمن کو غیرمستحکم کرنے کی کوئی بھی کوشش خود اس کے استحکام اور سیکوریٹی کیلئے خطرہ ثابت ہوسکتی ہے۔