عدن، 10 جون (یو این آئی) یمنی سکیورٹی فورسز نے پیر کو بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے باب المندب میں انسانی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کے قبضے سے متعدد خواتین سمیت 177 افریقی تارکین وطن کو بازیاب کرایا۔یہاں کے ایک سیکورٹی ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یمنی حکومتی فورسز نے صوبہ تعز کے ساحلی ضلع ذباب میں انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک سے متعدد ایتھوپیائی تارکین وطن کو آزاد کرایا۔ یہ ریسکیو آپریشن باب المندب سے صوبہ لہج کے راس العراح ساحلی علاقے تک پھیلے ہوئے وسیع تر سکیورٹی آپریشن کا حصہ تھا۔ یمن کی مغربی ساحلی پٹی پر افریقی اور یمنی اسمگلروں کی مدد سے انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک سرگرم ہیں۔
یہ گروہ کشتیوں سے آنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو اغوا کرتے ہیں اور انہیں نجی ٹھکانوں میں قید کر کے ان کا استحصال کرتے ہیں۔یمنی خبر رساں ایجنسی نے 2 دسمبر کو سیکورٹی آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے اسے انسانی اسمگلنگ کے خلاف جاری مہم کا حصہ قرار دیا۔مغربی ساحلی سیکورٹی زون کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل مجاہد الحجورہ نے کہا ‘‘آپریشن میں ذباب کے مختلف حصوں میں اسمگلروں کے زیر استعمال ٹھکانوں اور حراستی مقامات کو نشانہ بنایا گیا اور 123 مردوں اور 54 خواتین کو کامیابی سے آزاد کرایا گیا۔’’