یمن پر سعودی عرب زیرقیادت اتحادی فوج کے فضائی حملے

,

   

دھماکے سے کم از کم 5 افراد ہلاک، یمن کے ماہرین اور فوجی ذرائع کا تجزیہ ، اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

صنعا (یمن) 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی زیرقیادت اتحادی افواج نے سلسلہ وار فضائی حملے یمن کے دارالحکومت صنعا میں اپنے اہداف بشمول فوجی اڈوں اور ڈرون طیاروں کے کارخانوں پر کئے جن کا تعلق باغیوں سے ہے، فضائی حملے ہفتے کے دن دیر گئے کئے گئے۔ یہ اتحادی فوج کے صنعا میں گزشتہ ماہ کے معاہدہ صلح کے بعد اولین حملے تھے۔ یہ معاہدہ اتحادی افواج کی حمایت یافتہ حکومت اور شیعہ باغیوں کے درمیان ہوا تھا۔ جس کے نتیجے میں دونوں کے درمیان جنگوں کا سلسلہ بند ہوگیا تھا جو 2014 ء سے جاری تھا۔ یہ معاہدہ صلح ایک جنگ بندی کی شکل میں ظاہر ہوا اور دونوں حریف افواج نے متنازعہ علاقوں جیسے ساحلی شہر حدیدہ کا تخلیہ کردیا، قیدیوں کا تبادلہ عمل میں آیا لیکن اِس پر عمل آوری دونوں فریقین کے لئے جاری رکھنا مشکل ہوگئی تھی۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں دھماکو مادوں سے بھرا ہوا ایک ڈرون طیارہ باغیوں نے فوجی پریڈ کے مقام پر پہنچایا تھا جو حکومت کے زیرقبضہ شہر عدن میں واقع ہے۔ اِس کے نتیجے میں 6 افراد بشمول ایک فوجی محکمہ سراغ رسانی کا عہدیدار ہلاک ہوگئے تھے۔ فوری طور پر ہفتے کے دن فضائی حملوں سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد معلوم نہ ہوسکی۔ دوبئی سے موصولہ اطلاع کے بموجب دریں اثناء ایک دھماکہ سے 5 افراد ہلاک ہوگئے جو جنگ زدہ وسطی یمن کے صوبہ معارب میں زمین سرنگیں صاف کررہے تھے۔ طبی اور صیانتی ذرائع کے بموجب ایک حکومت حامی صیانتی عہدیدار جس نے اپنی شناخت ٖخفیہ رکھنے کی شرط پر کہاکہ پانچوں مہلوکین غیر ملکی ماہرین تھے جو سعودی حمایت یافتہ فوج کی بچھائی ہوئی زمینی سرنگیں صاف کرنے کے پراجکٹ میں مصروف کار تھے۔ عہدیدار نے کہاکہ یہ دھماکہ اُس وقت پیش آیا جبکہ زمینی سرنگیں تباہ کئے جانے کے لئے منتقل کی جارہی تھیں۔ طبی ارکان عملہ میں سے ایک نے معارب اسپتال میں اِس بات کی توثیق کی کہ 5 نعشیں اسپتال منتقل کی گئی ہیں۔ اُس نے کہاکہ زخمی افراد اور اِس سانحہ کی تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا گیا۔ سعودی زیرقیادت اتحادی فوج حکومت کی افواج کے شانہ بشانہ کام کررہی ہے، ردعمل ظاہر کرنے کے لئے فوری طور پر دستیاب نہیں ہوئی۔ یمن کی خانہ جنگی میں اتحادی افواج کی مارچ 2015 ء میں دخل اندازی کے بعد تاحال تقریباً 10 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ عالمی تنظیم صحت کے ایک عہدیدار نے کہاکہ خانہ جنگی ختم کرنے کے لئے اقوام متحدہ نے بھی اپیل کی ہے اور اِس خانہ جنگی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے انسانی بحران پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔