صنعا 19جولائی (یو این آئی) یمن کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے کامیابی سے اسرائیل کے بین گوریون ایئرپورٹ کو ہائپر سونک ‘فلسطین 2’ میزائل سے نشانہ بنایا جس سے بڑے پیمانے پر شہریوں کا انخلا اور پروازیں معطل ہوگئیں۔ایرانی خبر ایجنسی مہر کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کی جانب سے حملے کی تصدیق کی گئی جس میں تل ابیب کے قریب لود کے مقبوضہ علاقے میں واقع بین گوریون ایئرپورٹ پر ہائپر سونک بیلسٹک میزائل حملے کی ایک بڑی فوجی کارروائی کا اعلان کیا گیا۔مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ ساری نے بتایا کہ ‘فلسطین 2’ میزائل نے اپنے مطلوبہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، اس حملے کی وجہ سے لاکھوں اسرائیلی آباد کار پناہ گاہوں میں بھاگ گئے اور ایرپورٹ پر پروازیں معطل کر دی گئیں۔