یمن کے حدیدہ ہوائی اڈہ اور وسطی صوبہ پر امریکہ کے نئے حملے

   

صنعا: امریکی بحریہ نے یمن کے بحیرہ احمر کے بندرگاہی شہر حدیدہ کے ہوائی اڈے پر ہفتے کی رات تین اور یمن کے وسطی صوبے مارب کے ضلع مجر پر پانچ حملے کیے ۔ حوثیوں کے زیرانتظام المسیرہ ٹی وی نے یہ اطلاع دی۔ رپورٹ میں حملوں میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں اور امریکی جانب سے ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے ۔ حدیدہ ہوائی اڈہ 2014 کے اواخر سے شہری پروازوں کے لیے بند ہے ، جب حوثی گروپ نے کئی شمالی شہروں پر قبضہ کر لیا، جن میں حدیدہ کے اہم شہر بھی شامل ہیں۔ یہ ہوائی اڈہ ماضی میں اکثر امریکی فضائی حملوں کا مسلسل نشانہ رہا ہے ۔ اس سے قبل ہفتے کے روز، حوثیوں نے کہا تھا کہ انھوں نے 15 مارچ کے بعد سے شمالی بحیرہ احمر میں امریکی بحری افواج پر چھٹا حملہ کیا تھا، جس میں یو ایس ایس ہیری ایس ٹرومین کی حفاظت کرنے والے جنگی بحری جہازوں پر کئی ڈرون حملے کیے گئے ۔ حوثیوں نے کہا کہ انہوں نے اسرائیل کے بین گوریون ہوائی اڈے پر ایک بیلسٹک میزائل حملہ بھی کیا تھا، یہ حملہ جمعہ کو دیر گئے اسرائیلی فوج نے ناکام بنا دیا تھا۔ دارالحکومت صنعا سمیت شمالی یمن کے بیشتر علاقوں پر قابض حوثی 2014 سے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ 15 مارچ کو واشنگٹن کی جانب سے یمن پر نئے فضائی حملے شروع کیے جانے کے بعد سے حوثیوں اور امریکی افواج کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے ۔