بچوں کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو نکھارنے پر خصوصی توجہ
حیدرآباد 5 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں ینگ انڈیا پولیس اسکول کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد نوجوان طالب علموں میں تعلیم کے ساتھ کھیل کو بھی شامل کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنا ہے جس سے طلبہ میں ابتدائی مرحلہ سے ہی ان میں نظم و ضبط پیدا ہوگا اور وہ آگے چل کر اچھے شہری بن سکتے ہیں۔ کم عمری میں ہی طلباء کے چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو اُجاگر کرنا اور انھیں ترغیب دیتے ہوئے ان کی منزل کی پہچان کرانا چاہئے۔ پولیس اسکول کی آرمی اسکول، سینک اسکول اور ڈیفنس اسکول کی طرح بنانے کے ارادے سے قائم کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے بچوں کو نہ صرف کلاس روم میں بلکہ کھیلوں کے میدان میں بھی چیلنج دے کر ذہنی اور جسمانی طور پر تندرست بنانے کے مقصد سے یہ اسکول قائم کیا ہے۔ یہ اسکول ضلع رنگاریڈی کے منچریال میں ایک وسیع کیمپس میں قائم کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر پانچ کلاسوں سے شروع ہونے والا یہ تعلیمی ادارہ پہلے ہی ایک بیاچ مکمل کرچکا ہے۔ دوسرے بیاچ کے داخلے کا عمل شروع ہوچکا ہے اس میں 50 فیصد سیٹس پولیس کے افراد خاندان کے بچوں کے لئے مختص کی گئی ہیں۔ اس ادارہ میں ہوم گارڈ سے آئی پی ایس افسر تک کے بچوں کو موقع فراہم کیا جارہا ہے۔ مستقبل میں اس ادارے میں ہاسٹل بھی قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس اسکول میں سی بی ایس سی (CBSE) نصاب ہے۔ کھیلوں کے لئے اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا اور معروف اسپورٹس اکیڈیمی کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کئے جارہے ہیں۔ پولیس افسروں کے بچوں کے لئے سالانہ 50 ہزار روپئے اور دیگر کے لئے 1.6 لاکھ روپئے فیس مقرر کی گئی۔ کلاس روم میں نہ صرف علم کا حصول بلکہ طلباء میں زندگی کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے ’Ignite‘ کے نام سے مختلف سرگرمیاں بھی منعقد کی جارہی ہیں۔ جسمانی تندرستی کے لئے بھی سرگرمیاں جاری ہیں۔ (ش)