فائنل میں لیور پول کو 1-0 سے شکست ۔ میڈرڈ کا گزشتہ 9 سیزن میں پانچواں خطاب
پیرس: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع اسٹیڈ ڈی فرانس اسٹیڈیم میں ریال میڈرڈ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے لیور پول کو شکست دے کر 14 ویں یوای ایف اے چمپئنز لیگ کا خطاب جیت لیا ۔ اسپینی ٹیم نے ہفتے کے روز فائنل میں لیورپول کو 1-0 سے شکست دی ۔ ریال میڈرڈ نے گزشتہ نو سیزن میں پانچ چمپئنز لیگ ٹائٹل جیتے ہیں ۔میچ کے پہلے ہاف میں مقابلہ سخت رہا اور کوئی بھی ٹیم گول نہ کرپائی ۔ دونوں ٹیموں نے محتاط انداز میں آغاز کیا ۔ ساڈیو مانے 21ویں منٹ میں ایک شاٹ لگا کر گول کے قریب آئے ، جسے میڈرڈ کے گول کیپر کورٹوائس نے کامیابی سے پوسٹ پر روک دیا ۔ لیورپول نے محمد صلاح کے ساتھ میڈرڈ پر دباؤ بنایا اورایک موقع کی تلاش میں اسپینی گول کیپر کو دو بار آزمایا ۔ میڈرڈ کے گول کیپر تھیبا کور توائے نے اہم کردار ادا کیا اور لیور پول کے کھلاڑیوں کو گول کرنے سے روکا، تھیبا نے لیور پول کے محمد صلاح کی جانب سے گول کرنے کی تین کوششوں کو ناکام بنایا۔ میڈرڈ نے وقفے سے پہلے گول کر دیا لیکن کریم بینزیما کی کوشش کو ایک لمبے ریویو کے بعد آف سائیڈ قرار دیا گیا ۔ اس طرح دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مسابقت جاری رہی۔ آخر کار فائنل کے 59ویں منٹ میں فیڈریکو ویلورڈے کی ڈرائیو کی مدد سے ونیسیئس جونیئرنے میڈرڈ کو 1-0 کی برتری دلائی اور میڈرڈ نے اپنا 14واں یورپی کپ جیت لیا۔