یوایس اوپن کی انعامی رقم میں ریکارڈ اضافہ

   

نیویارک۔20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ومبلڈن کے بعد اب شائقین کی نظریں سال کے چوتھے اور آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن پر ہیں۔ 26 اگست کو نیویارک میں شروع ہونے والے میگا ایونٹ میں رواں برس ریکارڈ 57 ملین ڈالر کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ مرد وخواتین میں سنگلز چمپئنزکو 38لاکھ 50 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔منتظمین نے براہ راست رسائی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ مردوں میں عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ، راجر فیڈرر، رافل نڈال سمیت عالمی درجہ بندی میں سرفہرست 98 کھلاڑیوں کو راست داخلہ دیا گیا ہے۔ 16کھلاڑی کوالیفائنگ رائونڈ کھیل کر مین رائونڈ تک پہنچیں گے۔خواتین سنگلز میں براہ راست رسائی پانے والی پلیئرز کی تعداد 102 ہے۔ ان میں دفاعی چمپئن اور عالمی نمبر دو جاپان کی ناومی اوساکا ، دنیا کی نمبر ایک خاتون پلیئر ایشلے بارٹی، وینس ولیمز، سرینا ولیمز، ماریا شاراپوا، سیمونا ہالیپ، اینجلک کربر، وکٹوریا آزارنکا، گاربین مگوروزا، سویتلانا کزنٹسووا، کیرولین وزنیاکی کے نام نمایاں ہیں۔ ومبلڈن میں تہلکہ مچانے والی 15 سالہ کوکو گاف کی شرکت یقینی بنانے کیلئے منتظمین کو قوانین میں نرمی کرنا پڑے گا کیونکہ وہ رواں برس تین مرتبہ وائلڈ کارڈ پر میامی، فرنچ اور ومبلڈن اوپن میں شرکت کرچکی ہیں اور ان کے پاس وائلڈ کارڈ کا حق موجود نہیں۔ ایونٹ کے ڈائریکٹرکمیونی کیشن نے کہا کہ انہیں مین رائونڈ میں کھیلنے کی اجازت دی جاسکتی ہے جبکہ ورلڈ ٹینس اسوسی ایشن نے اس بات کی حمایت کی ہے۔