واشنگٹن، 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی مذہبی آزادی سے متعلق امریکی کمیشن (یوایس سی آئی آر ایف) نے دہلی میں جاری تشدد پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہند کو اپنے تمام شہریوں کی حفاظت کے لئے جلد سے جلد کارروائی کرنی چاہئے ۔یوایس سی آئی آر ایف کی کمشنر ارونیما بھارگو نے کہا‘‘پوری دہلی میں سفاکانہ اور بے قابو تشدد جاری نہیں رہ سکتی ہے ۔ حکومت ہند کو اپنے تمام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے فوری طور کارروائی کرنی چاہئے ’’۔قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ہندوستان دورہ کے دوران شمال مشرقی دہلی میں تشدد بھڑک اٹھا تھا، جس میں 32 سے زائد افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کئی مذہبی مقامات میں آگ لگا دی گئی یا توڑ پھوڑ کی گئی۔
