یواین میں مسئلہ کشمیر اٹھانے میں پاکستان ناکام : ہندوستان

   

نئی دہلی 12 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج کہا کہ پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے ۔ اس نے کہا کہ پاکستان کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کسی جھوٹ کو چار یا پانچ بار دہرانے سے وہ سچ نہیں بن جاتا ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے میڈیا کو بتایا کہ عالمی برادری دہشت گردی کی مدد ‘ تائید اور حمایت میں پاکستان کے رول سے واقف ہے ۔ پاکستان نے اقوام متحدہ حقوق انسانی کونسل میں مسئلہ کشمیر کو موضوع بحث بنانے اور سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی تھی جسے مسترد کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے یہ ریمارکس ایسے وقت کئے جبدو دن قبل حقوق انسانی کونسل میں دونوں ملکوں میں اس مسئلہ پر لفظی تکرار ہوئی تھی ۔