حیدرآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں یوتھ کانگریس اور مہیلا کانگریس نے تلنگانہ سے متعلق وزیر اعظم کے بیان کے خلاف احتجاج کیا۔ یوتھ کانگریس کارکنوں نے عثمانیہ یونیورسٹی کے باب الداخلہ پر دھرنا منظم کرتے ہوئے وزیراعظم کا علامتی پتلہ نذرِ آتش کیا اور تلنگانہ کی تشکیل کے طریقہ کار کے خلاف وزیراعظم کے بیان کی مذمت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔ دوسری طرف نامپلی چوراہے پر مہیلا کانگریس کی ریاستی صدر سنیتا راؤ کی قیادت میں مودی کا علامتی پتلہ نذرِ آتش کیا گیا اور بیان سے دستبرداری کی مانگ کی گئی۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ وزیر اعظم نے حقائق کی پردہ پوشی کرتے ہوئے تلنگانہ عوام اور ان کی جدوجہد کی اہمیت گھٹانے کی کوشش کی ہے۔ سنیتا راؤ نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی اور منموہن سنگھ کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے۔ احتجاج میں نیلم پدما، ورا لکشمی، کویتا کمار ریڈی، پشپا ریڈی، شہناز بیگم اور دوسروں نے حصہ لیا۔ر