یوتھ کانگریس صدر انیل کمار یادو کی حضور نگر میں انتخابی مہم

   

نوجوان رائے دہندوں کو راغب کرنے کی ہدایت،ترقی کیلئے کانگریس کو ووٹ دینے کی اپیل
حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر انیل کمار یادو نے آج حلقہ اسمبلی حضورآباد میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے حضور نگر میں یوتھ کانگریس قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے کانگریس امیدوار پدماوتی ریڈی کی کامیابی کیلئے متحرک ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کا جواب دینے کا بہترین وقت آچکا ہے اور ٹی آر ایس امیدوار سیدی ریڈی کی شکست کے ذریعہ کے سی آر کو سبق سکھایا جاسکتا ہے۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ حضور نگر کے نوجوانوں کو نقلی پاسپورٹس کے ذریعہ بیرون ملک روانہ کرنے کا جس طرح دھوکہ دیا گیا اسے فراموش نہ کیا جائے۔ اس معاملہ میں ٹی آر ایس قائدین ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس کے کارکنوں کو ایک فوجی کی طرح کام کرتے ہوئے پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اس حلقہ سے کامیابی کی صورت میں ترقی کا وعدہ کررہی ہے جبکہ حضور نگر کی ترقی صرف کانگریس دور حکومت میں ہوئی۔ اتم کمار ریڈی نے تین مرتبہ اس حلقہ کی نمائندگی کی اور کئی ترقیاتی کام انجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر کی ترقی کا سہرا اتم کمار ریڈی کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدی ریڈی کی کامیابی سے بے نامی شخص کی کامیابی ہوگی جبکہ پدماوتی ریڈی کی کامیابی سے اسمبلی میں حکومت سے سوال کرنے والی آواز میں اضافہ ہوگا۔ حضور نگر میں 16000 ایسے رائے دہندے ہیں جو پہلی مرتبہ حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔ ایسے نوجوان رائے دہندوں کو کانگریس کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نگر میں ٹی آر ایس کی کامیابی کے ذریعہ کے سی آر خاندان کے تسلط کو مضبوط کرنے کے بجائے کانگریس کی کامیابی کے ذریعہ جمہوریت کو مستحکم کیا جانا چاہیئے۔