یوتھ کانگریس قا ئدین کا دورہ کاغذ نگر، کسانوں سے ملاقات

   

کاشت کی اراضی قبائلیوں کو حوالے کرنے ریونیو ڈپارٹمنٹ کو یادداشت

حیدرآباد۔2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش یوتھ کانگریس کے ایک وفد نے کاغذ نگر کا دورہ کرتے ہوئے قبائلی کسانوں سے ملاقات کی اور گزشتہ دنوں ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر پر حملے کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ صدر ریاستی یوتھ کانگریس انیل کمار یادو نے دیگر قائدین کے ساتھ ریونیو ڈیویژنل آفیسر کاغذ نگر سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی جس میں گزشتہ کئی برسوں سے کاشت کرنے والے قبائلی کسانوں کو اراضی واپس کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے فاریسٹ آفیسر پر حملہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ کاغذ نگر ریونیو ڈیویژن میں قبائلی کسان اپنے کئی خاندانوں سے جنگلاتی اراضی پر کاشت کر رہے ہیں اور یہی ان کی آمدنی کا واحد ذریعہ ہے ۔ حکومت نے کاغذ نگر کے مواضعات میں شجر کاری کا منصوبہ بنایا جس کے تحت فاریسٹ ڈپارٹمنٹ نے کسانوں کی اراضی کو جبراً حاصل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے نام پر پہلے ہی کسانوں کی اراضی حاصل کی جاچکی ہے۔ انیل کمار یادو نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر سے متحدہ عادل آباد ضلع کو بھاری نقصان ہوا ہے کیونکہ پراناہیتا پراجکٹ تمدی ہڈی موضع کی اراضی پر تعمیر کیا جانا ہے لیکن حکومت نے یہ اراضی اپنی تحویل میں لے لی ہے ۔ کسان پراناہیتا پراجکٹ کی تعمیر سے محروم ہوجائیں گے اور کاغذ نگر ڈیویژن کو آبپاشی کیلئے پانی حاصل نہیں ہوگا۔ اس طرح کسانوں کو دوہرا نقصان ہورہا ہے ۔ ریونیو ڈیویژنل آفیسر سے اپیل کی گئی کہ وہ اس معاملہ کو اعلیٰ عہدیداروں تک پہنچاتے ہوئے کسانوں کی اراضیات کا تحفظ کرے۔ کسان کئی دہوں سے اس اراضی پر کاشت کرتے ہوئے اپنی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ یوتھ کانگریس نے کاغذ نگر کے فاریسٹ عہدیدار مقامی رکن اسمبلی کے بھائی کی جانب سے حملہ کی مذمت کی ۔ انیل کمار یادو نے قانون کے مطابق سخت کارروائی اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے اقدامات کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی کسانوں میں بے چینی کے سبب محکمہ جنگلات کے عہدیداروں پر حملوں کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی کسانوں کے تحفظ کے لئے جدوجہد کرے گی۔