یوتھ کانگریس کارکنوں اور پولیس میں گاندھی بھون کے باہر جھڑپ

   

پرگتی بھون مارچ کرنے کی کوشش، کارکنوں کی گرفتاری
حیدرآباد۔ 29 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون کے باہر آج اس وقت پولیس اور کانگریس کارکنوں میں جھڑپ ہوگئی جب تلنگانہ بچائو نعرے کے تحت حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سینکروں کی تعداد میں کارکن سڑک پر آگئے۔ یوتھ کانگریس نے حکومت کی پالیسیوں کے خلاف آج گاندھی بھون میں جلسہ منعقد کیا تھا جس میں آل انڈیا یوتھ کانگریس کے قومی قائدین نے شرکت کی۔ جلسہ عام کے بعد یوتھ کانگریس کارکن گاندھی بھون سے باہر نکلے اور پرگتی بھون کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی پولیس نے کارکنوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا جس پر بحث وتکرار اور دھکم پیل ہوئی۔ گاندھی بھون کے باہر بھاری تعداد میں پولیس کو تعینات کیا گیا تھا۔ آل انڈیا یوتھ کانگریس کے صدر سرینواس بھی احتجاج میں شریک ہوگئے۔ جلسہ عام کے اختتام پر یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر انیل کمار یادو نے اعلان کیا کہ تمام کارکن پراگتی بھون کے گھیرائو کے لیے روانہ ہوں گے۔ سینکڑوں کی تعداد میں کارکن اچانک سڑک پر آگئے اور پولیس کو انہیں روکنے میں مشکلات پیش آرہی تھیں۔ بیریگیٹس کے ذریعہ رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ یوتھ کانگریس کے احتجاج کے سبب ٹریفک میں خلل پڑا۔