یوتھ کانگریس کارکنوں نے اسمبلی کے گھیراؤ کی کوشش کی

   

اسمبلی کے روبرو کشیدگی، قائدین اور کارکنوں کی گرفتاری، بیروزگاری الاؤنس جاری کرنے کا مطالبہ

حیدرآباد: بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ الاؤنس کے وعدہ پر عمل آوری کا مطالبہ کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کی جانب سے آج اسمبلی کے گھیراؤ کی کوشش کی گئی ۔ پولیس نے یوتھ کانگریس قائدین اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا جو چیف منسٹر اور حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے ۔ یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر شیوا سینا ریڈی کی قیادت میں پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد نے اسمبلی پہنچ کر حکومت سے بجٹ میں بیروزگار نوجوانوں کے لئے الاؤنس کی رقم مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس اور یوتھ کانگریس کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار ہوئی اور بعد میں صورتحال کسی قدر کشیدہ ہوگئی۔ شیوا سینا ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر نے اسمبلی انتخابات کے موقع پر بیروزگاری الاؤنس کے طورپر 3016 روپئے ادا کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک اسکیم پر عمل نہیں کیا گیا ۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد کل رات سے حیدرآباد پہنچنے لگی اور ریالی کی شکل میں اسمبلی جانے کی کوشش کی گئی ۔ اسمبلی کے قریب چیف منسٹر کے خلاف نعرہ بازی کی گئی ۔ پولیس نے جگہ جگہ چیک پوسٹ قائم کرتے ہوئے اضلاع سے آنے والے یوتھ کانگریس کارکنوں کو روک دیا ۔ یوتھ کانگریس قائدین ستیش ، اشوک اور دیگر قائدین 11 بجے دن گیٹ نمبر 2 تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے احتجاجیوں کو حراست میں لے کر نامپلی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ 12 بجے دن قائدین کا دوسرا گروپ پبلک گارڈن سے اسمبلی کے علاقہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے لگا۔ پولیس نے فوری رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے احتجاجیوں کو رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن منتق ل کردیا۔ اسمبلی کے اختتام تک پولیس نے سخت چوکسی کو برقرار رکھا تھا اور اسمبلی جانے والی سڑک پر رکاوٹیں کھڑی گئیں۔ گاندھی بھون کے اطراف بھی پولیس دستے تعینات کئے گئے ۔ شہر کے مختلف مقامات پر اسمبلی پہنچنے والے قائدین کو گرفتار کیا گیا ۔ مشیر آباد ، سکندرآباد اور شہر کے مضافاتی علاقوں میں پولیس گرفتاریوں کی اطلاع ملی ہے ۔ یوتھ کانگریس نے 25 مارچ تک حکومت کو مہلت دی ہے کہ وہ بیروزگاری الاؤنس کا اعلان کریں ، بصورت دیگر 26 مارچ کو زبردست احتجاج منظم کیا جائے گا۔ یوتھ کانگریس قائدین نے کہا کہ وہ گرفتاریوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے لئے پی آر سی سفارشات کا اعلان کیا گیا لیکن بیروزگار نوجوانوں سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کے بارے میں چیف منسٹر سنجیدہ نہیں ہے۔