یوتھ کانگریس کارکنوں نے ڈی جی پی آفس کے گھیراؤ کی کوشش کی، ورنگل میں یوتھ کانگریس لیڈر پر حملہ کی مذمت

   

حیدرآباد۔/21 فروری، ( سیاست نیوز) یوتھ کانگریس کارکنوں نے آج ڈائرکٹر جنرل پولیس کے دفتر واقع لکڑی کا پُل کے گھیراؤ کی کوشش کی جس پر پولیس نے یوتھ کانگریس حیدرآباد کے صدر روہت اور دوسروں کو گرفتار کرلیا۔ ورنگل میں یوتھ کانگریس لیڈر پروین پر بی آر ایس کارکنوں کے حملے کے خلاف یہ احتجاج کیا گیا۔ یوتھ کانگریس قائدین نے الزام عائد کیا کہ پولیس حملے کے ذمہ داروں کو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ حملے میں ملوث قائدین اور ان کی سرپرستی کرنے والے بی آر ایس رکن اسمبلی ونئے بھاسکر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔ کارکنوں نے اچانک ڈی جی پی آفس پہنچ کر نعرہ بازی کی اور دفتر کے احاطہ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس موقع پر صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ تاہم پولیس نے احتجاجی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ اسی دوران ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے الزام عائد کیا کہ رکن اسمبلی ونئے بھاسکر کی نگرانی میں یہ حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ونئے بھاسکر کی بدعنوانیوں کے خلاف چارج شیٹ کی اجرائی سے برہم ہوکر یہ حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے بی آر ایس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور وہ حملوں کی سیاست کررہے ہیں۔ر