یوتھ کانگریس کا الیکشن کمیشن کیخلاف ’ہلہ بول‘

   

نئی دہلی، 12 اگست (یو این آئی) یوتھ کانگریس نے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کے بی جے پی اور الیکشن کمیشن کے خلاف ووٹ چوری کے الزامات کی حمایت میں منگل کو یہاں ہلہ بول مارچ نکالا اور کہا کہ بی جے پی کمیشن کے ساتھ مل کر جمہوریت کو کمزور کرنے کی سازش کر رہی ہے ۔یہ معلومات دیتے ہوئے یوتھ کانگریس کے میڈیا انچارج ورون پانڈے نے بتایا کہ احتجاج میں بڑی تعداد میں یوتھ کانگریس کارکنوں نے حصہ لیا۔ مظاہرین یوتھ کانگریس کے دفتر سے الیکشن کمیشن کے دفتر تک مارچ کے لیے جمع ہوئے لیکن دہلی پولیس نے جنتر منتر روڈ پر رکاوٹیں لگا کر مظاہرین کو روک دیا اور بڑی تعداد میں کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے صدر ادے بھانو چِب نے کہا کہ یہ لڑائی صرف ایک ووٹ کی نہیں، بلکہ اس بھروسے کی ہے ہے جس پر جمہوریت ٹکی ہوئی ہے ۔ اگر مودی حکومت عوام سے ووٹ کا حق چھیننے پر تلی ہوئی ہے تو خاموش رہنا جرم ہوگا۔ جب لڑائی ملک کے وجود کی ہو تو سڑکوں پر نکلنا ذمہ داری بن جاتی ہے ۔ کیونکہ ووٹ ہی چوری ہوتا رہا تو جمہوریت اور آئین دونوں ختم ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس کا ہر کارکن مسٹر گاندھی کا سپاہی ہے ، ہم مودی حکومت اور الیکشن کمیشن کے ووٹ چوری کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن دھاندلی بند کرے ورنہ ڈیجیٹل ووٹر لسٹ فراہم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لڑائی آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے ہے اور جمہوریت کو ہر حال میں محفوظ رکھنا ان کا عزم ہے ۔