نئی دہلی: یوتھ کانگریس کے کارکنان نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک کارکن کی خودکشی کے لیے مبینہ طور پر ریاست کے ریاستی پنچایتی راج کے وزیر کے ایس ایشورپّا کو وزارت کے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے چہارشنبہ کے روز یہاں وزیرداخلہ امت شاہ کے گھر کا محاصرہ کیا۔ یوتھ کانگریس کے کارکنان تنظیم کے قومی صدر شری نیواس بی وی کی قیادت میں سنہری باغ چوراہے میں یکجا ہوئے اور وہاں سے مسٹر شاہ کی رہائش کے طرف کوچ کیا لیکن دہلی پولیس نے شدید بیریکیڈنگ لگا کر مشتعل کارکنان کو روک دیا اور پھر کئی کارکنان کو حراست میں لے لیا۔ اس دوران مظاہرین، حکومت کے خلاف نعرے لگانے لگے اور مسٹر ایشورپّا کو برخاست کرکے معاملے کی تفتیش کا مطالبہ کرنے لگے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شری نواس نے کہا کہ کرناٹک میں بدعنوانی اپنے عروج پر ہے اور وزراء اور رہنماؤں کے کمیشن کی وجہ سے پوری ریاست میں انارکی کا ماحول ہے ۔