بہت ہوئی مہنگائی کی مار، ہائے ہائے مودی سرکار کے نعرے، پٹرول اور ڈیزل کو جی ایس ٹی کے تحت لانے کا مطالبہ
سری نگر۔ جموں و کشمیر یوتھ کانگریس نے ہفتے روز یہاں پریس کالونی میں ایندھن کی مہنگائی کے خلاف احتجاج درج کیا۔ احتجاجی ’بہت ہوئی مہنگائی کی مار، ہائے ہائے مودی سرکار’ جیسے نعرے لگا رہے تھے ۔ اس موقع پر جے کے یوتھ کانگریس کے ترجمان عابد ماگامی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ سال 2014 میں مودی سرکار نے سو دنوں میں مہنگائی کو دور کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ان سرکار کے سارے وعدے غلط ثابت ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مہنگائی نے لوگوں کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے ۔ موصوف ترجمان نے کہا کہ مودی سرکار کا ایک وعدہ بھی صحیح ثابت نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2014 میں رسوئی گیس فی سلینڈر ساڑھے تین سو روپیے میں ملتا تھا اور آج اس کی قیمت ایک ہزار روپیے کے قریب ہے ، پٹرول فی لیٹر 65 روپیے میں ملتا تھا اور آج سو روپیے فی لیٹر سے پار کر گیا ہے ۔ ان کا مطالبہ تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کو بھی جی ایس ٹی کے تحت لایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران بھی لوگوں پر کوئی رحم نہیں کیا۔واضح رہے کہ اس وقت مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے۔ کچھ عرصہ قبل یہ تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا کہ پٹرول کی قیمت 100 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر جائے گی لیکن آج نہ صرف پٹرول بلکہ ڈیزل بھی اس کے شانہ بہ شانہ مہنگائی کا نیا ریکارڈ قائم کررہا ہے۔