یوراج کا بی سی سی آئی پرامتیازی سلوک کا الزام

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی: ہندستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ ( بی سی سی آئی ) کے ذریعے اپنے کیریر کے آخری مرحلے میں امتیازی سلوک کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سمیت کئی کرکٹر کے ساتھ بی سی سی آئی نے غیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا ۔سابق آل راؤنڈر یوراج سنگھ کو لگتا ہے کہ انہیں اپنے کیریئر کے اختتام پر عزت نہیں ملی اور بی سی سی آئی کا ان کے ساتھ غیر پیشہ ورانہ رویہ تھا۔ایک اسپورٹس ویب سائٹ کے ساتھ گفتگو میں یوراج نے کچھ سابق کھلاڑیوں کی مثال بھی پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کیریئر کے اختتام پر انہیں وہ عزت نہیں ملی جس کے وہ مستحق تھے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہمارے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کیا گیا۔ اس میں ہربھجن سنگھ ، ویریندر سہواگ اور ظہیر خان جیسے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔یوراج نے مزید کہا کہ ان کھلاڑیوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیا۔ تاہم مجھے یہ دیکھ کر حیرت نہیں ہوئی ، کیونکہ یہ ہندوستانی کرکٹ کا ایک حصہ ہے ۔ میں نے پہلے بھی ایسا ہوتا دیکھا ہے۔