یوراج کے 4 گیندوں پر 4 چھکے ، سوشل میڈیا پر چرچے

   

رائے پور : بین الاقوامی کرکٹ سے 2 سال قبل سبکدوش ہونے کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابقہ آل راؤنڈر یوراج سنگھ کی آج سوشل میڈیا پر پھر سے دھوم ہوئی جیسا کہ انہوں نے لیجنڈس کی سیریز میں 4 گیندوں پر 4 متواتر چھکے لگائے ۔ روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز ٹی 20 میں کھیلے گئے مقابلے کے دوران یوراج سنگھ نے جنوبی آفریقہ لیجنڈس ٹیم کیخلاف یہاں شہید ویر نارائن سنگھ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ۔ یوراج سنگھ نے 22 گیندوں میں شاندار اور ناقابل تسخیر 52 رنز کی اننگ کھیلی ۔ اس کامیابی کے ذریعہ ہندوستانی ٹیم درجہ بندی میں دوبارہ پہلے مقام پر پہنچ چکی ہے جیسا کہ اس نے 16 نشانات کے ساتھ رن ریٹ کے فرق سے سری لنکاکو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلا مقام حاصل کرلیا ۔ یوراج نے 18 ویں اوور میں فاسٹ بولر زندر بی بریان کو متواتر 4 گیندوں میں 4 چھکے لگائے اور 2007 ء ٹی 20 ورلڈ کپ میں 6 گیندوں پر 6 چھکے لگانے کے اپنے کارنامہ کی یاد تازہ کروائی ۔ یوراج کے علاوہ اس مقابلہ میں سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر نے بھی 37 گیندوں میں 60 رنز اسکور کئے ۔ جنوبی آفریقی ٹیم جو کہ کامیابی کیلئے ہمالیائی 205 رنز کا تعاقب کررہی تھی وہ 20 اوورس میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز ہی اسکور کر پائی ۔ اس مقابلہ کی ایک خاص بات یوسف پٹھان بھی رہے جنہوں نے چند دن قبل ہی تمام تر کی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا انہوں نے 23 رنز کی اننگز کھیلی اس کے علاوہ 34 رنز کے عوض تین کھلاڑی کو آؤٹ بھی کیا ۔ علاوہ ازیں یوراج سنگھ نے 18 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔