یوراج ہمیشہ عظیم کھلاڑیوں میں شامل رہیں گے:کپل

   

نئی دہلی ۔13 جون (سیاست ڈاٹ کام ) 1983 کے ورلڈکپ فاتح ٹیم کے کپتان کپل دیو نے کہا کہ وہ جب بھی عظیم کرکٹرس کی ہندوستانی ونڈے کی ٹیم بنائیں گے تو اس میں آل یوراج سنگھ کو ضرور جگہ ملے گی۔ ہندوستان کی طرف سے ویسٹ انڈیز کے خلاف جون 2017 میں اپنا آخری بین الاقوامی میچ کھیلنے والے یوراج نے پیرکو ممبئی میں سبکدوشی کا اعلان کردیا ۔ اپنے 17 سالہ بین الاقوامی کیریئر کے دوران انہوں نے 2007 میں ٹی 20 ورلڈ کپ اور 2011 میں ونڈے ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ یوراج نے ہندوستان کی جانب سے 40 ٹسٹ، 304 ونڈے اور 58 ٹی 20 میچ کھیلے ہیں۔ انہوں نے ٹسٹ میچوں میں 1900 اور ونڈے میں 8701 رنز بنائے۔ ٹی 20 بین الاقوامی میں ان کے نام پر 1177 رن درج ہیں۔کپل نے کہا کہ یوراج کمال کے کرکٹر رہے اور میں جب بھی ہندوستان کے عظیم کھلاڑیوں کی ونڈے ٹیم بناوں گا تو وہ اس میں ضرور ہوں گے۔ ہندوستان کو 1983 میں پہلی مرتبہ عالمی چمپئن بنوانے والے سابق کپتان نے کہا کہ یوراج کو کرکٹ کے میدان سے الوداعی تقریب ملنی چاہیے تھی۔ کپل نے کہا کہ یوراج جیسے کھلاڑی کو کرکٹ کے میدان سے الوداعی ملنی چاہئے تھی، کم از کم میں ایسا دیکھنا چاہتا تھا۔ انہوں نے اپنے کھیل سے نوجوانوں کو دیوانہ بنایا تھا، ہمارے ملک کو ایسے ہیرو کی ضرورت ہے جو آنے والی نسلوں کی حوصلہ افزائی کر سکے۔ انہیں پتہ چل سکے کہ یوراج نے اپنی زندگی میں کتنی مشکل جھیلی ہے۔ ہندوستان کے عظیم کپتانوں میں شمار کپل نے کہا کہ میں یوراج کو آگے کی زندگی کے لئے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں اور امید کروں گا کہ انہوں نے کرکٹ میں جو کیا اپنی آنے والی زندگی میں اس سے بہتر کریں گے۔