پولیس سے بحث و تکرار ، عوامی احتجاج کی دھمکی
حیدرآباد ۔8۔ مئی(سیاست نیوز) وشاکھا پٹنم گیس لکیج سانحہ کے پس منظر میں نلا ملا جنگلاتی علاقوں میں یورانیم کے لئے کھدائی کے خلاف سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے جنگلاتی علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے احتجاج درج کرایا ۔ ناگر کرنول کے امر آباد علاقہ میں ہنمنت راؤ نے مقامی کانگریس قائدین کے ہمراہ یورانیم کے لئے کھدائی کے علاقوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پولیس اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی ۔ پولیس کے ساتھ ہنمنت راؤ کی بحث و تکرار ہوگئی جس کے بعد پولیس نے پریس کانفرنس میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے سبب سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ناگر کرنول گرین زون میں شامل ہے جہاں تمام تجارتی سرگرمیوں کو بحال کردیا گیا ہے ، لہذا پولیس کو پریس کانفرنس میں رکاوٹ کا اختیار نہیں ۔ ہنمنت راؤ کے ساتھ صدر ضلع کانگریس اور سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر ومشی کرشنا اور پردیش کانگریس کے سکریٹری بی کشن اور مقامی قائدین موجود تھے ۔ مقامی انسپکٹر بھوشنا نے اسٹاف کے ساتھ پہنچ کر ہنمنت راؤ کو روکنے کی کوشش کی ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ سابق رکن راجیہ سبھا اور سابق صدر پردیش کانگریس کی حیثیت سے وہ توہین تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نلا ملا جنگلاتی علاقہ میں یورانیم کے لئے کھدائی کے سبب قبائیلیوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ وشاکھا پٹنم جیسے واقعات کا اعادہ ممکن ہے، لہذا وہ یورانیم کی کھدائی روکنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر نے اپوزیشن کے مطالبہ پر اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ نلا ملا میں یورانیم کی کھدائی کی اجازت نہیں دی جائے گی لیکن یورانیم کارپوریشن آف انڈیا کی جانب سے کھدائی کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یورانیم کے ذریعہ برقی کی تیاری کا منصوبہ نقصان دہ ثابت ہوگا ۔ ایسے وقت جبکہ سستے داموں پر برقی دستیاب ہے، یورانیم کے ذریعہ تیاری ترک کردی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کھدائی کی صورت میں دریائے کرشنا کا پانی آلودہ ہوگا جس سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ دیگر اضلاع کے عوام امراض کا شکار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یورانیم کی کھدائی بند نہیں کی گئی تو کانگریس پارٹی عوامی تحریک شروع کرے گی جس میں دیگر پارٹیوں کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلیوں کی زندگی کو کھدائی سے خطرہ لاحق ہے۔ واضح رہے کہ پردیش کانگریس نے یورانیم کے خلاف کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے کنوینر وی ہنمنت راؤ ہے۔
