حیدرآباد۔/16 اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے نلہ ملا کے جنگلاتی علاقوں میں یورانیم کیلئے کھدائی فوری روکنے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جو اجازت دی گئی ہے اس سے فضائی اور آبی آلودگی کا خطرہ لاحق ہے اور عوام مختلف امراض کا شکار ہوسکتے ہیں۔ ناگرکرنول کے امرآباد علاقہ میں مرکزی اور ریاستی حکومت نے یورانیم کیلئے کھدائی کی اجازت دے دی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ضلع سے تعلق رکھنے والے قائدین حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں نے بھی اس مسئلہ پر اپنا احتجاج درج کرایا لیکن حکومت کھدائی پر مصر ہے۔ ناگرکرنول کے ضلع کانگریس صدر ڈاکٹر ومشی کرشنا ، جنرل سکریٹری پردیش کانگریس بی کشن اور دوسروں نے صدر پردیش کانگریس کو امرآباد کی صورتحال سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ کھدائی کے نتیجہ میں پانی میں آلودگی کا خطرہ ہے جس سے کئی امراض پیدا ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقیافتہ ممالک نے یورانیم کیلئے کھدائی کو روک دیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت کے فیصلہ سے مقامی عوام میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔ تلنگانہ حکومت نے یورانیم کیلئے کھدائی پر مرکزی حکومت کو جو این او سی حوالے کیا ہے وہ عوامی مفادات کے خلاف ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس علاقہ میں 60 ہزار سے زائد افراد بستے ہیں۔ کھدائی کی صورت میں ان ہزاروں افراد کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مستقل طور پر بیماریوں کا شکار ہونے سے بچانے کیلئے کھدائی فوری روکنی چاہیئے۔
