یورانیم کی کھدائی فوری روکنے ڈاکٹر ملوروی کا مطالبہ

   

حیدرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر ڈاکٹر ملو روی نے نلا ملا کے جنگلاتی علاقوں میں یورانیم کی کھدائی کا کام فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کھدائی کا کام بند نہیں کیا گیا تو کانگریس پارٹی احتجاج میں شدت پیدا کرے گی۔ میڈیا کیلئے بیان جاری کرتے ہوئے ملو روی نے کہا کہ حکومت کھدائی کی اجازت دیتے ہوئے قبائیل کی زندگی سے کھلواڑ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نلاملا کے جنگلاتی علاقہ کا تحفظ ضروری ہے۔ یورانیم کے سبب فضائی اور آبی آلودگی انسانی زندگی کو خطرہ پیدا کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے یورانیم کارپوریشن کو کھدائی کی اجازت کی اطلاعات گشت کررہی ہیں۔ حکومت کو اس طرح کی کسی بھی تجویز سے فوری دستبرداری اختیار کرنی چاہیئے۔ ملوروی نے کہا کہ دنیا بھر میں ترقیافتہ ممالک نے یورانیم کی کھدائی کی اجازت سے انکار کردیا لیکن تلنگانہ حکومت کو عوام کی صحت اور ان کی زندگی کے تحفظ کی کوئی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی اور آبی آلودگی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ کانگریس پارٹی قبائیل کی جدوجہد میں بھرپور تعاون کرے گی۔