یورانیم کی کھدائی کی اجازت پر ٹی آر ایس حکومت موقف واضح کرے

   

پرگتی بھون تک مارچ منعقد کرنے کی دھمکی، نائب صدر پردیش کانگریس ملو روی کا بیان

حیدرآباد۔/20 ستمبر، ( سیاست نیوز) نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر ملو روی نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نلاملا جنگلاتی علاقوں میں یورانیم کیلئے کھدائی کی اجازت پر اپنا موقف واضح کرے۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے بیان دیا کہ مرکزی حکومت نے یورانیم کیلئے کھدائی کی اجازت دی ہے۔ مرکزی وزیر کے بیان پر ریاستی حکومت کو جواب دینا چاہیئے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملوروی نے کہا کہ جنگلی جانوروں کے تحفظ سے متعلق بورڈ کا اجلاس طلب کرتے ہوئے حکومت کو اجازت ناموں کو منسوخ کرنا چاہیئے بصورت دیگر اچم پیٹ سے ’ چلو پرگتی بھون ‘ احتجاج منظم کیا جائے گا۔ ملو روی نے آج گاندھی بھون میں پارٹی کے ترجمانوں کا اجلاس طلب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کشن ریڈی کا یہ بیان ان کی معلومات میں کمی کا ثبوت ہے کہ یورانیم سے زیادہ کوئلہ کی کھدائی سے نقصانات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کشن ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ اس سلسلہ میں ماہرین سے ملاقات کرتے ہوئے معلومات حاصل کریں۔ یورانیم کے سبب آبی اور ماحولیاتی آلودگی پیدا ہوگی اور جنگلی جانوروں کی موت واقع ہوگی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ سابق میں کانگریس حکومت نے یورانیم کی کھدائی کی اجازت دی تھی لیکن کڑپہ میں اس کے نقصانات کو دیکھنے کے بعد مخالفت کی جارہی ہے۔ ملو روی نے کہا کہ ترجمانوں کے اجلاس میں حضور نگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 90 فیصد ترجمانوں نے کانگریس امیدوار کی کامیابی کیلئے کام کرنے اپنی خدمات کا پیشکش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشن ریڈی کے بیان پر کے سی آر کی خاموشی سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں پارٹیاں عوام کو گمراہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کیلئے بی جے پی قائدین کو چاہیئے کہ وہ مرکزی حکومت پر اجازت کی منسوخی کیلئے دباؤ بنائیں۔