عوامی زندگی سے کھلواڑ، ہنمنت راؤ کا الزام
حیدرآباد۔/31 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر تلنگانہ عوام سے اور جگن آندھرا پردیش کے عوام سے ناانصافی کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں حکومت کی پالیسیوں سے پریشان حال کسان فصلوں کیلئے یوریا کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن کے سی آر یورانیم کی کھدائی کے بارے میں فکر مند ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ یورانیم کیلئے کھدائی سے حیدرآباد پر مضر اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے کرشنا کا پانی آلودہ ہوجائے گا اور فصلوں کو بھاری نقصان کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبی آلودگی کے نتیجہ میں عوام مختلف بیماریوں کا شکار ہوجائیں گے۔ انہوں نے کے سی آر سے سوال کیا کہ یورانیم کیلئے کیا وہ انسانوں کی قربانی دیں گے۔ حکومت کے اقدامات سے نلا ملا جنگلاتی علاقہ ختم ہوجائے گا۔ ہنمنت راؤ نے یورانیم کیلئے کھدائی کے خلاف عوامی سطح پر احتجاج کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر اور نلگنڈہ میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے جدوجہد کرنے والوں کی تائید کی جائے گی۔ انہوں نے کانگریس قیادت کو مشورہ دیا کہ وہ دیگر پارٹیوں کے ساتھ مل کر اس مسئلہ پر احتجاج منظم کریں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ قبائیلی علاقوں میں بسنے والے عوام حکومت کے اس فیصلہ سے پریشان ہیں اور انہیں اندیشہ ہے کہ یورانیم کی کھدائی کا اثر ان کی بقاء کو خطرہ میں ڈال دے گا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ایک طرف زرعی شعبہ کیلئے حکومت بلند بانگ دعوے کررہی ہے تو دوسری طرف جنگلاتی علاقوں میں بسنے والے قبائیلیوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کیا جارہا ہے۔