یوروپی یونین کی برطانیہ کو 31 جنوری تک مہلت

   

لندن ؍ بروسلز ۔ 28 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) یوروپی یونین نے پیر کے دن برطانیہ کو تین ماہ کی توسیع بریگزٹ معاہدہ کی مہلت میں دینے سے اتفاق کرلیا ، اُنھیں اب 31 جنوری تک مہلت حاصل ہے ۔ 27 رُکنی یوروپی یونین نے متفقہ طورپر برطانیہ کی درخواست منظور کرنے کا فیصلہ کیاہے اور اُسے 31جنوری 2020 ء تک مہلت دیدی گئی ہے ۔ فیصلہ کا طریقہ کار تحریری ہوگا ۔ یوروپی یونین کا یہ اقدام ظاہر کرتا ہے کہ برطانیہ 28رُکنی یوروپی یونین سے ترک تعلق نہیں کرے گا جیسا کہ قبل ازیں منصوبہ بنایا گیا تھا ۔ ٹسک نے کہا تھا کہ یہ لچکدار توسیع ہے ، اس کا مطلب یہ ہے کہ برطانیہ یوروپی یونین سے مہلت کے اختتام سے پہلے ترکِ تعلق کرسکتا ہے یا پھر برطانوی پارلیمنٹ سے بریگزٹ معاہدہ کیلئے منظوری حاصل کرسکتا ہے۔ انھوں نے کہاکہ برطانیہ نے معاہدہ کی فیصلہ کی منظوری حاصل کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔ منظورشدہ توسیع کے اندر تحریری عمل مکمل کرلیا جائے گا اور یوروپی یونین کے دیگر 27 ارکان کو اس سے مطلع کردیا جائیگا ۔ اُمید ہے کہ منظوری منگل یا چہارشنبہ کے دن تک حاصل ہوجائیگی ۔ برطانوی ارکان پارلیمنٹ ایک تحریک پر رائے دیں گے جو وزیراعظم بورس جانسن جاریہ ہفتہ پارلیمنٹ میں پیش کریں گے اور 12 ڈسمبر کو عام انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کریں گے ۔ جانسن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بریگزٹ معاہدہ کے لئے ’’کرو یا مرو ‘‘ جیسی صورتحال سے گذر رہے ہیں ۔ انھوں نے ارکان پارلیمنٹ کو گزشتہ ہفتہ معاہدہ پر مباحث کے لئے یا اس سے دستبردار ہونے کیلئے اچھی طرح غور و فکر کرنے کی مہلت دی تھی ۔ اس معاہدہ سے ترک تعلق کی صورت میں برطانیہ کو ایک بار پھر قبل از وقت انتخابات منعقد کرنے ہوں گے ۔