وفد کے 22 ارکان کا دائیں بازو کی شدت پسند فاشسٹ جماعتوں سے تعلق : یچوری
نئی دہلی ۔ 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کو خصوصی موقف فراہم کرنے والی دستوری دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد اس ریاست میں پیدا شدہ صورتحال کا برسرموقع جائزہ لینے کیلئے دورہ کرنے والے یوروپی یونینوں کے پارلیمانی وفد پر ملک کی اکثر اپوزیشن جماعتوں نے شدید اعتراض کیا ہے اور کہا کہ حالات کا عذر بتاتے ہوئے قومی جماعتوں کے قائدین کو نظربند رکھا جارہا ہے اور دیگر قائدین کو اس ریاست کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ ان حالات میں آخر کس طرح بیرونی ممالک کے وفد کو یہ دورہ کی اجازت دی گئی جن میں اکثر ارکان کا تعلق برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی شدت پسند دائیں بامو جماعتوں سے ہے۔ سی پی آئی ایم کے سینئر لیڈر سیتارام یچوری نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ یوروپی پارلیمانی وفد کے اکثر ارکان انتہائی کٹر دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی فاشسٹ پارٹیوں سے ہے جن کے بی جے پی سے انتہائی قریبی تعلقات ہیں۔