یورو 2020 کے ڈراز کا اعلان، گروپ ایف میں اہم ٹیمیں شامل

   

بخارسٹ ۔2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) یورو2020 فٹبال چمپئن شپ کے لیے ڈراز مکمل ہوگئے۔ فرانس کو جرمنی اور دفاعی چمپئن پرتگال کے ساتھ ایک گروپ ایف میں رکھا گیا ہے، جس کے باعث یہ میگا ایونٹ کا مضبوط ترین گروپ بن گیا ہے۔ میچز یورپ کے 12 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔ گروپ ایف میں ان تین بڑی ٹیموں کے ساتھ آئس لینڈ، بلغاریہ، ہنگری اور رومانیہ بھی شامل ہیں۔ جرمنی اپنے تمام گروپ میچ میونخ میں کھیلے گی، جہاں 16 جون کو یہ اپنے پہلے میچ میں فرانس سے ٹکرائے گی اور اس کے بعد 20 جون کو اس کا پرتگال سے سامنا ہو گا۔ فرانس نے جرمنی کو اپنی سرزمین پر یورو 2016 کے سیمی فائنل میں شکست دی تھی جبکہ اسے فائنل میں پرتگال کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ گروپ ڈی میں انگلینڈ کا مقابلہ کروشیا اور جمہوریہ چیک کی مضبوط ٹیموں کے ساتھ ہو گا۔ انگلش ٹیم ویمبلے اسٹیڈیم میں اپنے گروپ میچ کھیلے گی۔ یہ اسٹیڈیم سیمی فائنلز اور 12 جولائی کو فائنل کی میزبانی بھی کرے گا۔ اس گروپ میں ان تین ٹیموں کے علاوہ سربیا، ناروے، اسرائیل اور اسکاٹ لینڈ بھی شامل ہیں۔2018 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے بعد ایک بار پھر انگلینڈ 14 جون کو کروشیا سے ٹکرائے گی۔ کروشیا نے وہ سیمی فائنل جیت لیا تھا۔ تاہم انگلینڈ کو یورو 2020 کے آخری 16 مقابلوں میں گروپ ایف کے ممکنہ رنر اپ جرمنی، فرانس یا پرتگال کے ساتھ کھیلنا پڑے گا۔ اسپین، سویڈن اور پولینڈ کے ساتھ گروپ ای میں مضبوط ٹیمیں ہیں۔ گروپ بی میں فن لینڈ کا مقابلہ میزبان ڈنمارک اور روس کے ساتھ ہوگا جبکہ بیلجیئم بھی اس گروپ کی مضبوط ٹیم ہے۔ ہالینڈ گروپ سی میں یوکرین اور آسٹریا کا سامنا کرے گا۔ سینٹ پیٹرزبرگ، کوپن ہیگن، ایمسٹرڈیم ، بخارسٹ اور ڈبلن بھی میچوں کی میزبانی کریں گے۔فٹبال شائقین کی نظریں اب ڈراز کے بعد گروپ ایف کے مقابلوں پر مرکوز ہوچکی ہیں۔