دوبئی :پاکستان سمیت یورپ، امریکہ اور مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک اور پڑوسی ملک بھارت کی کم از کم دو ریاستوں میں بھی آج 13 مئی کو عید الفطر منائی جا رہی ہے۔اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب میں 13 مئی کو کورونا کی احتیاطی تدابیر کے ساتھ عید الفطر کے اجتماعات ہوئے اور عید کے موقع پر حکومت نے وہاں 5 دن کی چھٹیوں کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔عرب نیوز کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال عید الفطر کے اجتماعات قدرے روایتی انداز میں منعقد کیے گئے، تاہم ساتھ ہی وبا سے تحفظ کی احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی گئیں۔سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی 13 مئی کو عید الفطر کا پہلا دن تھا اور وہاں بھی کورونا کے پیش نظر عید نماز کے اجتماعات پْرفضا مقامات پر ادا کیے گئے۔دونوں ممالک کے علاوہ ترکی، عراق، الجزائر، مصر، فلسطین، مراقش اور عمان میں بھی 13 مئی کو عید الفطر کا پہلا دن تھا۔کورونا کے پیش نظر زیادہ تر مشرق وسطی کے ممالک میں نماز عید کے اجتماعات محدود رکھے گئے اور لوگوں میں روایتی جوش و جذبہ نہیں دیکھا گیا۔انادولو کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر ترکی میں لاک ڈائون نافذ ہے اور نماز عید کے اجتماعات محدود رکھے گئے۔فلسطین میں اسرائیلی حملوں اور بمباری کے ساتھ عید منائی جا رہی ہے جب کہ پاکستان کے پڑوسی ملک افغانستان میں بھی عید الفطر کا پہلا دن 13 مئی کو تھا۔