لندن ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ڈوپنگ کے خلاف ایک بین الاقوامی کارروائی میں 230 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ یورپی پولیس یورو پول کے مطابق اس دوران ڈوپنگ کے 3.8 ملین سے زائد نسخے اور جعلی ادویات ضبط کی گئی ہیں۔ یہ کارروائی 23 یورپی اور 10 دیگر ممالک میں ایک ساتھ کی گئی۔ حکام نے بتایا ہے کہ پولیس نے یورپی سطح پر ان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 17 گروہوں اور نو جعلی لیبارٹریوں کو بھی بے نقاب کیا ہے۔ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران دنیا بھر میں انابولیکا کے کاروبار میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔
جرمنی نے شام میں اپنے زمینی دستے
بھیجنے کی درخواست مسترد کر دی
برلن ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی اپنے زمینی دستے شام نہیں بھیجے گا۔ برلن حکومت کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ کے خلاف کارروائیاں پہلے سے طے کیے گئے منصوبے کے مطابق ہی جاری رہیں گی۔ ان کے بقول داعش کے خلاف اتحاد میں جرمن فوجی فضائی نگرانی اور جہازوں کو تیل مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ عراقی دستوں کو تربیت دینے جیسے کام انجام دے رہے ہیں۔ اس منصوبے میں جرمنی کے زمینی دستوں کا کوئی ذکر نہیں۔ امریکہ نے ابھی جمعہ کو اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ جرمنی شام میں اپنے زمینی دستے بھیجے۔
