برسلز : جرمنی سمیت بارہ یورپی ممالک نے بھی مقبوضہ مغربی کنارے پر یہودی آباد کاروں کیلئے 3 ہزار مکانات کی تعمیر کی مخالفت کی ہے۔ امریکہ پہلے ہی مقبوضہ علاقوں میں تعمیرات کے نئے منصوبے پر تشویش ظاہر کر چکا ہے۔جرمنی اور یورپ کے دیگر گیارہ ممالک نے 28 اکتوبر جمعرات کے روز اسرائیل سے زور دیکر کہا کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے پر یہودی آباد کاروں کے لیے تین ہزار مکانات پر مشتمل بستیوں کی تعمیر کے اپنے منصوبے کو روک دے۔اس حوالے سے بلجیم، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، ہالینڈ، ناروے، پولینڈ، اسپین اور سویڈن کی وزارت خارجہ نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے، جس میں فلسطین کے تمام مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے تعمیراتی کاموں کی مخالفت کی گئی ہے۔ایک درجن یورپی ممالک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم اسرائیل کی حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ مغربی کنارے میں تقریباً تین ہزار مکانات کی یونٹس کی تعمیر کے منصوبے کو آگے بڑھانے کے اپنے فیصلے کو واپس لے لے۔
