لندن : ملازمین کے انٹرویوز اور سائٹ سے حاصل کردہ اندرونی دستاویزات کے مطابق امریکی ویب سائٹ دی انٹرسیپٹ نے کہا ہے کہ یوروپ کی سب سے بڑی نیوز ایگریگیشن ایپ Upday نے کمپنی کی غزہ میں جنگ کی کوریج کو اسرائیل نواز جذبات سے رنگین کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ سائٹ کے صحافی ڈینیئل بوگوسلو نے بتایاکہ جرمنی میں قائم پبلشنگ کمپنی ایکسل اسپرنگر کی ذیلی کمپنی Upday کی قیادت نے اسرائیلی نقطہ نظر کو ترجیح دینے اور کوریج میں فلسطینی شہریوں کی ہلاکتوں کو کم کرنے کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔ ایک ملازم نے لاکھوں فونز پر بھیجے گئے پش نوٹیفیکیشنز اور الرٹس کا حوالہ دیتے ہوئے سائٹ کو بتایا کہ ہم فلسطینیوں کی ہلاکتوں یا ہلاکتوں کی تعداد سے متعلق کچھ بھی نہیں کہہ سکتے، کہانی میں اسرائیل کے بارے میں معلومات کو نمایاں کرتے ہیں۔ ملازمین جنہوں نے اپنی روزی روٹی کے تحفظ کیلئے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی نے، یہ انکشاف کیا۔