برسلز: یورپی یونین کے دو اعلیٰ ترین عہدیداروں میں سے ایک نے امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ سربراہی ملاقاتوں سے قبل یورپی یونین کے چین کے ساتھ مجوزہ سرمایہ کاری معاہدے کا دفاع کیا ہے۔ یونین کی کونسل کے صدر شارل مشیل نے برسلز میں صحافیوں کو بتایا کہ یورپ چین کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات میں نئے توازن کا خواہش مند ہے۔ اسی لیے برسلز بیجنگ کے ساتھ سرمایہ کاری سے متعلق ایک جامع معاہدہ سی اے آئی طے کرنا چاہتا ہے۔ یورپی یونین کی اعلیٰ قیادت کی امریکی صدر بائیڈن کے ساتھ آئندہ ویک اینڈ پر برطانیہ میں جی سیون سمٹ اور پھر اگلے ہفتے برسلز میں یورپی امریکی سمٹ کے موقع پر ملاقاتیں ہوں گی۔
