کابل ۔ افغانستان کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو بتایا کہ یورپی یونین نے کابل کے اندر اپنا سفارتی دفتر باضابطہ طور پر کھول دیا ہے۔ وائس آف امریکہ کی افغان سروس اور افغانستان کے ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے ٹوئٹڑ پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کے اندر یورپی ڈپلومیٹک آفس نے باضابطہ طور پر کام شروع کر دیا ہے۔ یورپی یونین کے نمائندوں کے ساتھ تعمیری ملاقاتوں کے بعد یورپی یونین نے باضابطہ طور پر کابل میں اپنا سفارتخانہ کھول دیا ہے جہاں ان کی مستقل موجودگی ہو گی اور آپریشنز بحال ہوں گے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے اپنے ٹوئٹ میں مزید بتایا ہے کہ یورپی یونین نے 22 کروڑ یورو کی فلاحی امداد کے علاو ہ 26 کروڑ 80 لاکھ یورو کی اضافی امداد کا اعلان کیا ہے۔ ان کے بقول اس رقم کا کچھ حصہ اساتذہ کی تنخواہوں کے لیے مختص کیا گیا ہے اور ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔