یورپ میں امن کا دور ختم ہو گیا، یوکرینی وزیر خارجہ

   

Ferty9 Clinic

کیف : روس نے گزشتہ ہفتے مشرقی شہر آؤدیئیفیکا پر قبضے کے ساتھ ہی یوکرین کی جنگ میں نو ماہ سے زائد عرصے میں اپنی پہلی بڑی زمینی کامیابی حاصل کی۔ یوکرین نے اس پیش رفت کو ‘یورپ میں امن کے دو ر کا خاتمہ’ قرار دیا ہے۔ 30 ہزار سے زائد آبادی والا پررونق شہر آؤدیئیفیکا اب روسیو ں کے قبضے میں ہے۔ اسے اتحادیوں کی جانب سے یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی میں ناکامی کا نتیجہ بھی قرار دیا جارہا ہے۔اس کامیابی سے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو مارچ میں ہونے والے انتخابات سے قبل سیاسی طور پر تقویت ضرور حاصل ہوگی۔ آؤدیئیفکا کے سقوط کی خبر اس وقت سامنے آئی جب میونخ میں سکیورٹی کانفرنس جاری تھی۔ یہ خبر ان شرکاء پر ایک بم کی طرح گری، جو یوکرین کے خلاف جاری جنگ میں 2024 کے دوران ممکنہ صورتحال پر غور و خوض کررہے تھے۔کانفرنس میں موجود یوکرین کے وزیر خارجہ دیمترو کولیبا نے کہا کہ یورپ میں امن کا دور ختم ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ جب بھی یوکرینی فوجی گولہ بارود کی کمی کی وجہ سے یوکرین کے کسی قصبے سے پیچھے ہٹتے ہیں، تو اس صورتحال پر آپ نہ صرف جمہوریت اور عالمی نظام کے دفاع کے حوالے سے سوچیں بلکہ یہ بھی سوچیں کہ روسی فوج آ پ کے شہروں سے مزید چند کلومیٹر قریب پہنچ گئی ہے۔