بروسیلز۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) دنیا کے بہت سے ممالک نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے کئی مہینوں سے عاید پابندیوں میں نرمی پیدا کرنا شروع کی ہے۔ کیفے، سیاحتی مراکز اور متعدد شعبوں کی بندش کے بعد دوبارہ سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ دوسری طرف یوروپی یونین میں صحت کے شعبے کے ماہرین نے کرونا کی دوسری لہر کے امکان پر خبردار کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کوویڈ 19 کے کیسز میں یورپ میں لاک ڈائون اور سماجی دوری بڑھانے کے اقدامات دوبارہ نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امکان درمیانے درجے سے زیادہ ہے اور پابندیوں میں بتدریج نرمی اور لوگوں ایک دوسرے کیساتھ قربت وبا کو دوبارہ پھیلا سکتی ہے۔یوروپی سینٹر برائے انسداد امراض کے ذریعہ کئے جانے والی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں کرونا کی شرح میں درمیانے درجے کی نئی لہر اٹھ سکتی ہے۔مرکز کی ڈائریکٹر آندریا امون نے کہا کہ اس وبائی مرض کا خاتمہ نہیں ہوا ہے۔ یہ دوبارہ سر اٹھا سکتی ہے۔