یوریا کھاد کی عدم دستیابی پر کسانوں کا شدید احتجاج

   

حکام و عوامی نمائندہ پر لاپرواہی کا الزام، پولیس کی مداخلت
نظام آباد۔ یکم؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ منڈل کے بورگام (پی) اور ٹھاناکرخردو دیہات کے کسانوں نے یوریا کھاد کی عدم دستیابی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے راستہ روک دیا۔ کسانوں نے الزام لگایا کہ یوریا کی سپلائی میں حکام اور عوامی نمائندے غفلت برت رہے ہیں۔ کمیونسٹ پارٹی کے مقامی قائد ویلپور بھومیا نے کہا کہ کسان بارہا پرائمری کوآپریٹو سوسائٹی کے چکر لگانے کے باوجود کھاد حاصل نہ کر سکے جس کے باعث سڑک پر احتجاج کرنا ناگزیر ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو سمجھانے کی کوشش کی، تاہم انکار پر انہیں زبردستی ہٹانے کی کوشش کی ۔اندلوائی سوسائٹی کے سامنے بھی کسانوں نے دوبارہ احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ یوریا کو ایپ بُکنگ کے بجائے پرانے طریقہ کار کے تحت فراہم کیا جائے۔ سوسائٹی کو 250 بیگ یوریا موصول ہوئے، مگر مختلف دیہات کے کسانوں کی جانب سے ایپ کے ذریعے بکنگ کرنے پر چند ہی منٹوں میں ذخیرہ ختم ہوگیا۔ منڈل زرعی افسر سرینتھ نے بتایا کہ یوریا کی قلت کے باعث کسانوں نے احتجاج کیا، جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بکنگ کرانے والے کسانوں کو اتوار یا پیر تک یوریا فراہم کر دیا جائے گا۔