یوسف پٹھان نے ’’ ایشور ‘‘ کے نام پر حلف لیا !

   

نئی دہلی: سابق ہندوستانی کرکٹر اور ترنمول کانگریس کے رکن یوسف پٹھان نے گزشتہ روز 18ویں لوک سبھا کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔انہوں نے اپنا حلف اللہ یا خدا کا نام لینے کے بجائے ’’ایشور‘‘ کے نام پر حلف لیا۔ جس پر مختلف گوشوں سے ان پر تنقیدیں کی جارہی ہیں اور مسلمانوں میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے کہ کیا ایشور کے نام پر حلف یا قسم کھا سکتے ہیں؟ اس سلسلے میں بعض افراد نے اس کی تائید اور بعض دیگر نے مخالفت بھی کی ہے۔ اس معاملے پر ہندوستان کی مشہور دینی درسگاہ جامعہ دارالعلوم دیوبند نے ایک فتویٰ (سوال نمبر 157658) میں ’’ایشور‘‘ کے نام پر قسم کھانے یا حلف اٹھانے کو درست قرار دیا اور اس کی اجازت دی۔ فتویٰ کے جواب میں کہا کہ ’’ اردو لغت اسی طرح لوگوں کے بول چال سے معلوم ہوتا ہیکہ ایشور ’’ اللہ ‘‘ کا مترادف ہے جیسے خدا، اللہ کے مترادف کے طور پر استعمال ہوتا ہے ، فقہاء نے یہ صراحت کی ہے کہ قرآن وحدیث کے اندر اللہ تعالیٰ کے جو اسماء وصفات عربی میں آئے ہیں ، دیگر زبانوں میں ان کا جو ترجمہ ہو اسی طرح ان کے جو مترادف الفاظ ہوں ان کا استعمال بھی اللہ کے لیے جائز ہے۔ جبکہ ایک اور فتویٰ (سوال نمبر 29070) میں دارالعلوم دیوبند نے جواب دیا کہ اللہ تعالیٰ کو ایشور کے نام سے پکارنا یا ایشور کے نام پر قسم کھانا مسلمانوں کے لیے درست نہیں ہے۔یوسف پٹھان مغربی بنگال کے اکوٹا لوک سبھا حلقہ سے کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری کو شکست دے کر رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔ کرکٹ کے بعد اب یوسف پٹھان خان سیاست کی اننگز کا آغاز کر رہے ہیں۔