نئی دہلی، 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندستان کے معروف کرکٹروں میں سے ایک یوسف پٹھان اپنی جارحانہ اور دھماکہ خیز بلے بازی کے لئے جانے جاتے ہیں۔ ٹی -20 ورلڈ کپ کے فائنل میں فلک بوس چھکا لگاکر اپنے کریئر کی شروعات کرنے والے یوسف نے دمدار اسٹروک سے ہندستان کے لئے بہت سے میچوں کو ہندستان کی جھولی میں ڈالا۔بڑودہ کے اس کھلاڑی نے آئی پی ایل میں کافی برسوں تک اپنا دبدبہ قائم رکھا۔یوسف پٹھان کی پیدائش 17 نومبر 1982 کو گجرات کے بڑودوہ شہر میں ہوئی۔ ان کے والد بڑودہ کی ایک مسجد میں مؤذن تھے ۔یوسف کے والدین کی خواہش تھی کہ ان کے دونوں بیٹے مذہب کی طرف راغب ہوں۔ ان دونوں بھائیوں نے اپنے والدین کا مشورہ سر آنکھوں پر رکھا۔ ان دونوں بھائیوں کے اندر کرکٹ کا زبردست جنون اور دلچسپی دیوانگی کی حد تک تھی ۔ یوسف کی کھیل کے تئیں دلچسپی اور لگن کو دیکھتے ہوئے ان کے والد نے انہیں کرکٹر بننے کی اجازت دے دی۔