نئی دہلی، 27 جنوری (یواین آئی) کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے الزام عائد کیا ہے کہ مودی حکومت جان بوجھ کر اپوزیشن کی توہین کرتی ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ یومِ جمہوریہ پریڈ کے دوران پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں، راجیہ سبھا اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنماؤں کو تیسری قطار میں بٹھایا گیا۔کھرگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر منگل کو ایک پوسٹ میں لکھا کہ حکومت نے آئین، کانگریس، اپوزیشن اور ان کی توہین کی ہے ۔ ایسا کیوں کیا گیا، اس بات کا انہیں حکومت سے جواب چاہیے ۔کانگریس صدر نے کہا کہ آئین کی توہین کرنے والے لوگ، اپوزیشن کے دو لیڈروں کو یومِ جمہوریہ کی تقریب کے دوران تیسری صف میں بٹھاتے ہیں۔ یہ سراسر غلط ہے اور اپوزیشن و کانگریس کی جان بوجھ کر توہین کی جا رہی ہے ۔کھرگے نے کہا کہ میں موسٹ سینئر لیڈر ہوں۔ میرے اور راہل گاندھی جی کے پاس کابینہ رینک ہے ، لیکن ہمیں یومِ جمہوریہ کی تقریب میں تیسری قطار میں بٹھا دیا گیا، جہاں ریاستی وزرا اور بچے بیٹھے تھے ۔