یومیہ دیڑھ روپئے سے 10 لاکھ روپئے کی حادثاتی انشورنس پالیسی

   

2 روپئے کی ادائیگی پر 15 لاکھ روپئے ، محکمہ ڈاک کا عوام کیلئے دھماکہ آفر
حیدرآباد 19 اگست : ( سیاست نیوز ) : محکمہ ڈاک نے آدتیہ برلا کیپٹل ادارہ کے ساتھ مشترکہ طور پر حادثاتی انشورنس اسکیم عام لوگوں کیلئے متعارف کرائی ہے ۔ روزانہ 1.50 روپئے پریمیم ادا کرنے پر 10 لاکھ اور 2 روپئے ادا کرنے پر 15 لاکھ روپئے کا حادثاتی انشورنس حاصل ہوگا ۔ انشورنس کے بارے میں عوام کو زیادہ تر معلومات نہیں ہیں لیکن اب عوام انشورنس سے متعلق شعور بیدار ہورہا ہے ۔ جب بھی کوئی سڑک حادثے میں زخمی ہوتے ہیں یا بیماری کی وجہ سے ہاسپٹل پہونچ جاتا ہے تو انہیں زیادہ پیسہ خرچ کرنا پڑتا ہے بعض اوقات جزوی یا عارضی معذوری ہوسکتی ہے ۔ ایسے مواقع پر تحفظ کیلئے خانگی انشورنس پالیسیاں موجود ہیں لیکن ان کا پریمیم زیادہ ہونے کی وجہ سے ان میں لوگ دلچسپی نہیں لیتے ۔ اس لیے محکمہ ڈاک نے نئی اسکیم کو متعارف کرایا ہے ۔ اس انشورنس پالیسی سے 18 تا 65 سال عمر کے درمیانی افراد استفادہ کرسکتے ہیں ۔ صرف قریبی پوسٹ آفس پہونچنا ضروری ہے ۔ محکمہ ڈاک نے دو انشورنس پالیسیوں کو متعارف کرایا ہے ۔ روزانہ 1.50 روپئے ادا کرنے پر 10 لاکھ اور 2 روپئے ادا کرنے پر 15 لاکھ مالیت کا انشورنس حاصل ہوگا ۔ سالانہ 549 پریمیم ادا کرکے حادثاتی موت ہونے پر 10 لاکھ اور 749 پریمیم پر 15 لاکھ روپئے کی پالیسیاں دستیاب ہیں ۔ حادثے کی وجہ سے مستقل معذوری پر مکمل انشورنس حاصل ہوگا ۔ ساتھ ہی فالج پر بھی مکمل انشورنس دستیاب ہوگا ۔ اس کے علاوہ حادثاتی طبی اخراجات او پی ڈی 30 ہزار روپئے یا حادثے کی موت میں ہاسپٹل میں رہنے کی ضرورت نہ ہونے پر 10 مرتبہ کنسلٹیشن کیلئے فی کس 1500 روپئے دئیے جائیں گے ۔ حادثہ کے بعد ہاسپٹل میں قیام پر 60 ہزار روپئے ادا کئے جائیں گے ۔ دو بچوں کی تعلیم کیلئے زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ روپئے تک ادا کئے جائیں گے ۔ اگر فیس کم ہو تو وہ بھی ادا کی جائے گی ۔ اگر حادثہ کے بعد شخص کوما میں چلا جاتا ہے تو ایک لاکھ روپئے ادا کیا جائے گا ۔ اگر ہڈیاں ٹوٹ جاتی ہیں تو اس کے اخراجات کیلئے ایک لاکھ روپئے دئیے جائیں گے ۔ سرپر ضرب لگ جائے اور ذہنی پریشانی ہو تو چار کنسلٹیشن مفت ہوں گے ۔ انشورنس ہولڈر کی کسی دوسرے مقام پر حادثے سے موت پر اس کے ارکان خاندان کو وہاں جاکر واپس آنے کیلئے 25 ہزار روپئے تک دئیے جائیں گے ۔ حادثاتی موت پر ارکان خاندان کو آخری رسومات کیلئے 5 ہزار روپئے دئیے جائیں گے ۔۔ 2