یومیہ مزدوری کرنے والی18لڑکیاں حادثہ میں ہلاک

   

قاہرہ : 29جون ( ایجنسیز ) انگور چننے والی 18 لڑکیاں خوش دلی سے اپنے دن کا آغاز کرتی تھیں اور روزگار کے حصول کے لیے انگور چننے باغات جاتی تھیں۔سبق ویب سائٹ کے مطابق مصر کے صوبہ منوفیہ کے شمال میں واقع گاؤں ’کفر السنابسہ‘ کی یہ لڑکیاں ہر دن کی مشکلات اور چیلنجز کا سامنا مسکراہٹ کے ساتھ کرتی تھیں اور بہتر کل کے خواب لیے اپنے معمولات زندگی سر انجام دیتی تھیں۔مگر یہ خواب اچانک بھیانک روپ اختیار کرگیا جب موت نے ان کی زندگیوں کا چراغ بجھا دیا اور گاؤں کے ساکنان گہرے صدمے اور بے حد غم میں ڈوب گئے۔یہ ایک ایسا المناک حادثہ تھا جس نے پورے مصر کو سوگوار کر دیا۔ لڑکیاں روز کی طرح صبح کام کے لیے روانہ ہوئیں لیکن شام کو ان کے جسد خاکی تابوتوں میں واپس لوٹے۔یہ وہ لڑکیاں ہیں جو محض 130 مصری پاؤنڈ (تقریباً 10 سعودی ریال) کی یومیہ مزدوری پر کام کرتی تھیں۔جمعہ کی صبح ایک بھاری ٹرانسپورٹ گاڑی نے ان کی بس کو ٹکر مار دی جو انھیں کام پر لے جا رہی تھی۔ یہ حادثہ منوفیہ کے اشمون مرکز کے قریب ریجنل روڈ پر پیش آیا جس کے نتیجے میں 18 لڑکیاں اور بس کا ڈرائیور ہلاک ہو گئے جبکہ تین لڑکیاں اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔