نئی دہلی، 15 اگست (یو این آئی) صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے ملک کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر جمعہ کی رات یہاں ’ایٹ ہوم‘ تقریب کا اہتمام کیا۔راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، سابق صدر رام ناتھ کووند، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر، صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر جگت پرکاش نڈا اور ہاؤسنگ اور شہری امور کے وزیر منوہر لال اور کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر معززین کا استقبال خصوصی انداز میں کیا گیا۔ صدر جمہوریہ نے مہمانوں سے ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی۔ یوم آزادی کی تقریبات میں مدعو مہمانانِ خصوصی کو بھی ‘ایٹ ہوم’ میں مدعو کیا گیا تھا۔اس تقریب کی تھیم مشرقی ہندوستان بالخصوص بہار، مغربی بنگال، اڈیشہ اور جھارکھنڈ کے ثقافتی ورثے پر مبنی تھی۔یوم جمہوریہ اور یوم آزادی کی تقریبات ختم ہونے کے بعد راشٹرپتی بھون میں صدر کی جانب سے ’ایٹ ہوم‘ کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔
قومی اردو کونسل میں پرچم کشائی
نئی دہلی، 15 اگست (یو این آئی) قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان میں آج 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر نہایت جوش وخروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ آزادی کا جشن منایا گیا۔ پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ گایا گیا۔ کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے کہاکہ آزادی کی نعمت ہمیں بڑی جدوجہد اورقربانیوں کے بعد ملی ہے۔
۔انھوں نے کہاکہ ہمیں اس آزادی کی قدر کرنی چاہیے اور جوش و جذبے کے ساتھ ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کرناچاہیے ۔انھوں نے مزید کہاکہ ملک کی ترقی اور یکجہتی کیلئے ہمیں احترام،بھائی چارہ،روا داری اور خدمت وطن کے جذبے کو ہمیشہ زندہ رکھنا ہوگاتبھی ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں کے ساتھ انصاف کرسکیں گے ۔انھوں نے مزید کہاکہ ملک کی آزادی میں اردو زبان کا غیر معمولی حصہ رہاہے اور ہمارے شاعر وادیب نے عوام کے جوش و جذبے کو بیدار کرنے میں سرگرم کردار اداکیا جس کے نتیجے میں ہمارا ملک آزادی کی نعمت سے ہم کنار ہواہے ۔ ڈاکٹر شمس اقبال نے کہاکہ آج بھی ملک کی دوسری زبانوں کے ساتھ اردو زبان قومی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار بخوبی نبھارہی ہے اور وکست بھارت کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لے پابند عہد ہے ۔ اس موقعے پر کونسل کا پورا عملہ موجود رہا۔