حیدرآباد۔9 ۔اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 15 اگست کو صبح 10.30 بجے تاریخی گولکنڈہ قلعہ پر قومی پرچم لہرائیں گے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں یوم آزادی تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ پولیس کو ہدایت دی کہ قلعہ کے اطراف بہتر حفاظتی اور ٹریفک انتظامات کئے جائیں تاکہ مدعوئین کو کوئی دشواری نہ ہو۔ انہوں نے محکمہ آر اینڈ بی کو ہدایت دی کہ تقریب کے انعقاد کے لئے تمام ضروری انفراسٹرکچر فراہم کریں۔ محکمہ صحت کی جانب سے تقریب کے موقع پر مناسب تعداد میں ماسک اور سنیٹائزرس فراہم کئے جائیں گے تاکہ کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے ۔ کلچرل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے تلنگانہ ریاست کی تہذیب کی عکاسی کے لئے کلچرل ٹروپس کا اہتمام کیا جائے گا ۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری آر اینڈ بی سنیل شرما ، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل جتیندر ، کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار ، پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی وکاس راج ، سکریٹری توانائی سندیپ کمار سلطانیہ ، گورنر کے سکریٹری سریندر موہن اور دیگر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔