یوم آزادی کے ضمن میں پریڈ گراؤنڈ کا معائنہ

   

سدی پیٹ۔7 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سدی پیٹ ضلع کلکٹر کے ہیماوتی نے ہدایت دی کہ یوم آزادی تقاریب کو شاندار انداز میں منانے کے لیے تمام محکمے اپنے اپنے انتظامات مکمل کریں۔ جمعرات کے روز کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں ضلع کلکٹر نے ایڈیشنل کلکٹرس گریما اگروال، عبدالحمید اور دیگر ضلع عہدیداروں کے ساتھ 15 اگست یوم آزادی تقاریب کے انتظامات کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ اس کے بعد ضلع کلکٹر نے پولیس کمشنر کے دفتر کے احاطے میں موجود پریڈ گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ یوم آزادی تقاریب کے لیے گراؤنڈ کو مکمل طور پر تیار کیا جائے۔انہوں نے ایڈیشنل ڈی سی پی شری سبھاش چندر بوس کو ہدایت دی کہ تقاریب کے دوران کسی کو کوئی دقت پیش نہ آئے، اس کے لیے پولیس بندوبست کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔اس اجلاس میں ضلع کے مختلف عہدیدار، سدّی پیٹ ڈی ایس پی رویندر ریڈی، کلکٹریٹ اے او اور دیگر نے شرکت کی۔